قازقستان کے قانون ساز کی طرف سے 2011 ایشیائی سرما کھیلوں کی تشہیر
الماتی کے رہائشی موٹر سائیکل پر سفر کے ذریعے قازقستان میں منعقد ہونے والے کھیلوں کی تشہیر کر رہے ہیں
الیگزینڈر بوگاتک
2010-07-17
تراز – قازقستان ایشیائی سرما کھیلوں کی میزبانی کا ارادہ رکھتا ہے اور موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص اس کی تشہیر کر رہے ہیں۔
موٹر سائیکل سوار اور مصلخت کے رکن دیمتری پتروہن نے بتایا کہ ہم دنیا کی توجہ ایشیائی کھیلوں کی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ مجھے اس بات کا یقین ہے۔
ایک ہزار سے زائد اراکین پر مشتمل الماتی موٹر سائیکل سوار کلب کے صدر پتروہن موٹر سائیکل پر تمام ایشیا کا چکر لگا رہے ہیں اور حکام، کھیل کے شائقین اور عام لوگوں میں سرما کھیلوں کے میزبان قازقستان کی تشہیر کرتے پھر رہے ہیں۔ سرما کھیل آئندہ سال 30 جنوری سے 7 فروری تک منعقد ہوں گے۔
سرکاری حمایت کا دعوٰی کرنے والے پتروہن کو یہ فریضہ اپنے سفر کے وسیع تجربے کی بنیاد پر سونپا گیا ہے۔
انہوں نے 2006 میں دنیا کا چکر لگایا اور 2007 سے 2009 تک مشرق وسطٰی کے ملکوں سے گزرے اور اس دوران انہوں نے سب کو ایشیائی کھیلوں سے متعلق آگاہ کیا۔
پتروہن 2010 میں افغانستان، چین، ہانگ کانگ، عراق، جاپان، کوریا، کرغزستان، مکاؤ، سعودی عرب، تاجکستان، تھائی لینڈ، تیمور، ترکمانستان اور ازبکستان کا سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سفر کا آغاز فروری میں کیا تھا اور اس وقت وہ ہانگ کانگ میں ہیں جہاں سے وہ جلد ہی مکاؤ روانہ ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ابھی ابھی چین سے آیا ہوں۔ اس ملک کا سفر انتہائی حیرت انگیز تھا کیونکہ میں پہلا موٹر سائیکل سوار ہوں جسے اپنے آہنی گھوڑے پر پورے چین کا چکر لگانے کی سرکاری طور پر اجازت دی گئی تھی۔
پتروہن راستے میں ملنے والے افراد کو تصاویر دکھاتے ہیں اور اپنے ملک کی سوغات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے قازقستان کے متعلق باتیں کرتے ہیں اور ایشیائی کھیلوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان مختلف ملکوں کے تمام لوگ انتہائی گرمجوشی سے ہمارا استقبال کرتے ہیں۔ جب میں انہیں اپنے سفر کے متعلق بتاتا ہوں تو بلاشبہ ان میں سے بہت سے لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ وہ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ آپ موٹر سائیکل پر اتنا سفر کیسے کر لیتے ہیں؟ تاہم میری باتیں سننے کے بعد وہ میرا انتہائی احترام کرتے ہیں۔
پتروہن نے بتایا کہ میں مختلف لوگوں سے ملتا ہوں جن میں حکام، سیاست دان اور عام لوگ شامل ہوتے ہیں۔ اور آپس کی بات ہے کہ ان میں سے ہر کوئی میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا خواہش مند ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ مئی کے ہنگاموں کے دوران تھائی لینڈ میں ہی تھے۔ حتٰی کہ اس پرآشوب وقت میں بھی انہوں نے قازقستان سے متعلق گفتگو کا موقع ڈھونڈ لیا۔
اتنا طویل سفر جسمانی اور نفسیاتی لحاظ سے دشوار ہوتا ہے تاہم پتروہن کو دنیا کو اپنے ملک کے بارے میں آگاہ کر کے مسرت حاصل ہوتی ہے۔ پتروہن نے بتایا کہ ان کا موجودہ سفر 2006 میں ان کے دنیا کے گرد چکر لگانے سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ انہیں ہر ممکن حد تک زیادہ افراد کو ایشیائی سرما کھیلوں میں شرکت پر مائل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس مشن پر فخر ہے۔
پتروہن نے بتایا کہ انہوں نے مصلخت میں اپنے کام کو نہیں بھلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیوں کے باعث میں ہمیشہ اپنے معاونین سے رابطے میں رہتا ہوں جو اس وقت ایک کمیونٹی رابطہ دفتر میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چاہے کچھ بھی ہو میں سب کو جواب دیتا ہوں۔
پتروہن نے اپنے سفر کے دوران دیگر ملکوں میں کھیلوں کو ترقی دینے کا مشاہدہ کیا ہے اور اس چیز نے انہیں مستقبل کے لئے تحریک دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واپسی پر میں بچوں کے لئے اتھلیٹک ٹیکنیکل کلب کھولنا چاہوں گا جو خاص طور پر ان بچوں کے لئے ہوں گے جنہیں مواقع میسر نہیں۔ ان کلبوں میں بچوں کو ٹیکنالوجی سے متعلق سیکھنے، کھیلوں میں حصہ لینے اور صحت مندانہ طرز زندگی گزارنے کا موقع میسر آئے گا۔
پتروہن اسکولوں، کلبوں اور سرکاری اداروں میں خطاب کرتے ہیں۔ وہ نمائشوں، پریس کانفرنسوں اور حکام کے ساتھ ملاقاتوں کا بھی انتظام کرتے ہیں۔














رائے دیں ( کامنٹ پالیسی )
قارئین کے تبصرے
یہ آدمی الماتے مصلخت کا نائب اداکاری کر رہا ہے۔ میں اور میرے گھر والے بھی مسلسل دمتری پیٹروکن کی کامیابیوں کے بارے میں سنتے رہتے ہیں۔ اس کی مدد سے ترکسب ضلعی میں 70 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے، سکولوں کے درمیان دو ٹریفک لائٹیں لگائی گئی ہیں ۔ جو کہ سکولوں کے بچوں کے والدین کا دیرینہ خواب تھے۔ ضلع میں ڈاکخانہ بننے کے بعد اب برزکوں کو سفر بھی کم کرنا پڑتا ہے۔ انہیں پنشن وغیرہ یہی سے مل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے والوں کے لیے کئی فٹ پاتھ بنائے گئے ہیں اور 36 سرکٹ میں برقی سب سٹیشن پر کام بھی کنٹرول میں ہے۔ لوگوں کے متعدد مطالبات سنے جا رہے ہیں۔ وہ ہمارے ڈپٹی ہیں اور ہم نے انہیں منتخب کیا ہے۔ اور ہم اگلی مرتبہ بھی دمتری پیٹروکن کو منتخب کریں گے۔
پتروخن کے بارے میں یہ دلچسپ خبر تھی۔ وہ ایک انتہائی دلچسپ شخص ہیں اور صرف جگہ کے متلاشی نہیں ہیں۔ وہ ایک پرجوش شخص ہیں۔ شکریہ۔